نظام آباد:22؍ فروری (اعتماد نیوز) ریاستی وزیر صحت لکشمن ریڈی کی صدارت
میں حیدرآباد کے مری چنا ریڈی انسٹیٹیوٹ میں سرکاری جنرل ہاسپٹل نظام آباد
میڈیکل کالج کے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں رکن پارلیمنٹ نظام آباد
کے کویتا کے علاوہ ضلع کے ارکان اسمبلی محمد شکیل عامر بودھن ، باجی ریڈی
گوردھن نظام آباد رورل، پرشانت ریڈی بالکنڈہ، جیون ریڈی آرمور، ضلع کلکٹر
نظام آباد ڈاکٹر یوگیتا رانا ، صدرنشین ضلع پریشد دفعدار راجوو دیگر نے
شرکت کی ۔ اس اجلاس میں ضلع میں مزید ایک اور سرکاری دواخانہ کی تعمیر عمل
میں لانے اور
سرکاری دواخانہ میں کارپوریٹ دواخانہ کی طرز پر طبی خدمات کی
فراہمی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس اجلاس میں سرکاری دواخانہ ، میڈیکل کالج نظام
آباد میں مخلوعہ ڈاکٹروں ، عملے کی جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں
اقدامات کرنے ، آئندہ بجٹ میں نظام آباد ضلع کو محکمہ طب و صحت کے تحت
خصوصی فنڈس مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کئی امور پر جائزہ لیا
گیا اور سرکاری دواخانہ سے رجوع ہونے والے غریب مستحق عوام کو موثر طبی
خدمات ، بہتر صاف صفائی، علاج معالجہ سے مستفید کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ریاستی سطح کے عہدیدار بھی موجود تھے ۔